Sunday, May 12, 2024

پاکستانی کوہ پیما محمدعلی سدپارہ سمیت لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کیلئے آپریشن دوبارہ شروع

پاکستانی کوہ پیما محمدعلی سدپارہ سمیت لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کیلئے آپریشن دوبارہ شروع
February 7, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) محمد علی سدپارہ سمیت لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کا دوسرا روز ہے۔ پاک آرمی کے دو ہیلی کاپٹر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔ چار مقامی کوہ پیما بھی سرچ آپریشن میں شامل ہیں۔

نامور پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ ،آئس لینڈ کے جان سنوری اور چلی کے جان پابلو انتہائی بلندی پر پہنچنے کے بعد واپس نہ پہنچ سکے۔ ذرائع کے مطابق پاک آرمی کے دو ہیلی کاپٹر ریسکیو ٹیم کے ہمراہ بلترو سیکٹر پہنچ گئے۔ ریسکیو ٹیم میں چار مقامی کوہ پیما بھی شامل ہیں۔ معاون خصوصی زلفی بخاری براہ راست کے ٹو پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان اور آئس لینڈ کے وزرائے خارجہ کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے لاپتہ کوہ پیماؤں کے بارے تفصیلی گفتگو کی۔ وزیر  خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔

محمد علی سدپارہ سمیت دیگر کوہ پیماؤں کا جمعہ سے کیمپ سے رابطہ منقطع ہے۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوہ پیما ٹیم کی تلاش کی گئی لیکن خراب موسم اور تیزہواؤں کے باعث ریسکیو آپریشن کامیاب نہ ہوسکا۔