Friday, March 29, 2024

پاکستانی کرکٹرز کی ورلڈ کپ میں کارکردگی

پاکستانی کرکٹرز کی ورلڈ کپ میں کارکردگی
March 8, 2015
نائنٹی ٹو نیوز: ورلڈ کپ میں پانچ میچ کھیلنے کے بعد پاکستانی ٹیم میں کپتان مصباح الحق بیٹسمینوں اور وہاب ریاض باؤلرز میں سرفہرست ہیں۔ ٹیم میں شامل واحد آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ پانچ میچوں کے بعد کپتان مصباح الحق نے دو سو ستتر رنز بنا رکھے ہیں۔ انہوں نے بھارت، زمبابوے، متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقا کے خلاف نصف سنچریاں بنائیں۔ وہ رواں ورلڈ کپ میں چار نصف سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین بھی ہیں۔ احمد شہزاد نے پانچ میچوں میں ایک سو انسٹھ رنز بنائے اور وہ قومی ٹیم میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ وہ اب تک صرف ایک نصف سنچری بنا پائے پیں۔ چار میچوں میں ایک سو تینتیس رنز بنا کر حارث سہیل تیسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے بھی ایک نصف سنچری بنائی۔ عمر اکمل اور صہیب مقصود نے تمام میچ کھیلے ہیں، انہوں نے  ایک سو چوبیس، ایک سو چوبیس رنز بنا رکھے ہیں۔ سینئر بلے باز یونس خان تین میچوں میں صرف تینتالیس رنز بنا سکے۔ باؤلرز میں وہاب ریاض پانچ میچوں میں گیارہ وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف تین اور زمبابوے کے خلاف چار وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے نمبر پر سہیل خان ہیں جنہوں نے پانچ میچوں میں نو وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔ محمد عرفان پانچ میچوں میں آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر پائے۔ راحت علی نے تین میچوں میں پانچ شکار کئے جبکہ سب سے مایوس کن کارکردگی شاہد آفریدی نے دکھائی۔ وہ ٹیم میں شامل واحد آل راؤنڈر ہیں تاہم انہوں نے پانچ میچوں میں صرف ترانوے رنز بنائے اور دو وکٹیں حاصل کیں۔