Monday, September 16, 2024

پاکستانی ٹیم ہاکی کھیلنا بھول گئی‘ بھارت کے ہاتھوں 5-1 سے شکست

پاکستانی ٹیم ہاکی کھیلنا بھول گئی‘ بھارت کے ہاتھوں 5-1 سے شکست
April 12, 2016
کوالالمپور (ویب ڈیسک) کھیل کے میدانوں میں گرین شرٹس کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گرین شرٹس کو کرکٹ کے بعد ہاکی میں بھی شکست ہو گئی۔ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو پانچ ایک سے ہرا دیا۔ ایونٹ میں گرین شرٹس کا سفر تمام ہو گیا۔ ٹیم بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار میں سے ایک میچ جیت پائی۔ ملائیشیا میں کھیلے جانے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق ایپوہ میں کھیلے گئے میچ میں روایتی حریف بھارت نے گرین شرٹس کو پانچ ایک کے بھاری مارجن سے ہرا دیا۔ بھارت کے من پریت سنگھ نے کھیل کے چوتھے منٹ میں گول کیا تاہم پاکستان کے کپتان محمد عرفان نے ساتویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ ایس وی سنیل نے تین منٹ بعد بھارت کو ایک بار پھر برتری دلا دی۔ پھر اکتالیسویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے یہ برتری تین ایک کر دی۔ پچاسویں منٹ میں تلویندر سنگھ نے بھارت کی طرف سے چوتھا جبکہ میچ ختم ہونے سے چھ منٹ قبل آر پی سنگھ نے پانچواں گول اسکور کیا۔ بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ اس سے پہلے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھی ٹیم شکست سے دوچار ہوئی تھی۔ پاکستان کو اکلوتی کامیابی صرف کینیڈا کے خلاف ملی۔