Thursday, April 25, 2024

پاکستانی ٹیم کی بھارت کیخلاف تاریخی فتح پر ملک بھر میں شائقین کرکٹ کا جشن

پاکستانی ٹیم کی بھارت کیخلاف تاریخی فتح پر ملک بھر میں شائقین کرکٹ کا جشن
October 25, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر ملک بھر میں شائقین کرکٹ نے جشن منایا، فتح کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئی۔

پاکستان کی شاندار فتح کا شاندار جشن، پورا ملک جیت کی خوشیاں منانے میں مصروف ہے۔ بھارت کے خلاف فتح پر شائقین کے دل مچل اُٹھے۔ منچلے ٹولیوں کی صورت میں گھروں سے باہر نکل آئے۔ شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

راولپنڈی میں شہریوں نے پاکستان کی فتح کا شاندار جشن منایا، گوجرانوالہ میں بھی شائقین خوشی سے نہال ہوگئے۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ شہریوں نے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔

میرپور آزاد کشمیر میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے، جشن منایا اور ہوائی فائرنگ بھی کی، نعرے بازی بھی کی گئی۔

میرپور خاص میں منچلوں نے بھنگڑے ڈالے، ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی۔ رینالہ خورد میں شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

مظفرگڑھ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے قنوان چوک پر ٹیم کے حق میں نعرے بازی کی۔