Sunday, September 8, 2024

پاکستانی ٹیم کولکتہ کے ہوٹل میں قیام پذیر‘ فول پروف سکیورٹی انتظامات

پاکستانی ٹیم کولکتہ کے ہوٹل میں قیام پذیر‘ فول پروف سکیورٹی انتظامات
March 12, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان کی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوینٹی کے عالمی کپ میں شرکت کے لیے بالآخر بھارت کے شہر کولکتہ پہنچ گئی۔ ائیرپورٹ پر اترنے کے بعد پاکستانی ٹیم کولکتہ کے تاج ہوٹل میں قیام پذیر ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم ائیرپورٹ پہنچی تو اس کے استقبال کے لیے بھارتی حکام موجود تھے۔ پاکستان کی ٹی ٹوینٹی ٹیم کو بھارتی وزیراعظم جتنی سکیورٹی میں ائیرپورٹ سے کولکتہ کے تاج ہوٹل لے جایا گیا۔ ذرائع کے مطابق سخت سکیورٹی کے لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے لیے تاج ہوٹل کا ایک مکمل فلور بک کیا گیا ہے۔ کولکتہ کے اس فائیو سٹار ہوٹل کے اندر اور باہر پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیز کے اہلکار تعینات ہیں۔ تاج ہوٹل کے جس فلور پر پاکستانی ٹیم کو ٹھہرایا گیا ہے وہاں بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔