Friday, September 20, 2024

پاکستانی ٹیم کو سکیورٹی دینا بھارت کی ذمہ داری ہے : دفتر خارجہ

پاکستانی ٹیم کو سکیورٹی دینا بھارت کی ذمہ داری ہے : دفتر خارجہ
March 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ سکیورٹی فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ پٹھان کوٹ حملے کے بعد وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب کو فون کیا۔ حملے کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دی‘ ایف آئی آر بھی درج کی‘ بھارتی الزام تراشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عومی رابطوں پر یقین رکھتا ہے‘ کرکٹ ٹیم میچ کھیلنے بھارت جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ممبئی حملوں سے متعلق بھارتی حکومت سے مزید تفصیلات مانگ رکھی ہیں لیکن ابھی جواب نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ سٹرٹیجک مذاکرات کے چھٹے دور سے دونوں ممالک تعلقات میں وسعت آئے گی۔ پاکستان ایٹمی عدم پھیلاو کا حامی اور ذمہ دار نیوکلیئر طاقت ہے۔ جان کیری کے بیان پر مشیر خارجہ نے یہی موقف اپنایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ایرانی صدر حسن روحانی کے دورہ پاکستان کی تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کی تاریخ کا تعین ابھی نہیں ہوا۔ چار ملکی اجلاس میں مارچ کے پہلے ہفتے میں براہ راست مذاکرات پر اتفاق ہوا تھا۔ تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کریں۔