Sunday, September 8, 2024

پاکستانی ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ، کھلاڑیوں کی سکیورٹی سے غافل نہیں: نجم سیٹھی، شہریار خان

پاکستانی ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ، کھلاڑیوں کی سکیورٹی سے غافل نہیں: نجم سیٹھی، شہریار خان
March 11, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) طویل مشاورت کے بعد آخرکار پاکستانی ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ٹیم کے کھلاڑی آج رات یا کل صبح روانہ ہو جائیں گے۔ نجم سیٹھی اور شہریار کہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کی سکیورٹی سے غافل نہیں، وہ بھارت جائیں، کھل کر کھیلیں اور فاتح بن کر واپس لوٹیں۔ پی سی بی ایگزیکٹو بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی نے یہ بات اسلام آباد میں وزیرِ داخلہ چودھری نثارعلی خان سے طویل مشاورت کے بعد کی۔ اس کے بعد چیئرمین پی سی بی شہریار خان لاہور میں میڈیا کے سامنے آئے اور کہنے لگے کہ ہم کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، پاکستانی ٹیم ہر ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور کھلاڑی ذہنی طور پر مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ شہریارخان اس موقع پر بھی حسبِ عادت عجیب منطق پیش کرنے سے باز نہ آئے، کہنے لگے کہ احتجاج اور جھگڑے کرکٹ میں چلتے رہتے ہیں۔ امید ہے بھارتی شائقین اچھا سلوک کریں گے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹیم کا ایک وارم اپ میچ منسوخ ہوا ہے۔ چودہ مارچ کو سری لنکا سے وارم اپ میچ ہو گا۔