Tuesday, April 23, 2024

پاکستانی ٹیم کا کل دوسرا امتحان

پاکستانی ٹیم کا کل دوسرا امتحان
April 18, 2015
ڈھاکہ(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے کل کھیلا جائے گا،  کپتان اظہر علی کہتے ہیں کہ وارم اپ میچ اور پہلے ون ڈے میں شکست سے سبق سیکھا ہے، دوسرے ون ڈے میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ دوسرا ون ڈے  میچ بھی میرپور ڈھاکہ  میں پاکستانی وقت کے مطابق دن ڈیڑھ بجے شروع ہو گا، تین میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے، پہلے میچ میں بنگلا دیشی  ٹیم نے پاکستان کو  اناسی رنز سے زیر کیا۔ تجربہ کار بنگلا دیشی کھلاڑیوں نےپاکستانی ٹیم کی باؤلنگ اور فیلڈنگ کی کمزوریوں سے خوف فائدہ اٹھایا  اور تین سو انتیس رنز بنا ڈالے، یہ بنگلا دیش کا کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے بڑا مجموعہ تھا۔ نئے ایکشن کے ساتھ پہلی بار باؤلنگ کرنے والے سعید اجمل نے کیریئر کی بدترین کارکردگی دکھائی اور بغیر کوئی وکٹ لئے چوہتر رنز دیئے،  سعد نسیم اورجنید  نے کیچ چھوڑ کر بنگلا دیش کا کام مزید آسان کیا۔ جوابی اننگز میں کپتان اظہر علی، حارث سہیل اور رضوان نے نصف سنچریز بنائیں،جبکہ  کوئی بیٹسمین نہ چل پایا اور پوری ٹیم چھیالیسویں اوور میں دو سو پچاس رنز پر ڈھیر ہو گئی،یہ بنگلا دیش کی پاکستان کے خلاف سولہ سال بعد پہلی کامیابی ہے۔