Sunday, September 8, 2024

پاکستانی ٹی وی اسکرین کو ناقابلِ فراموش ڈرامے دینے والے عظیم لکھاری شوکت صدیقی کا آج ترانوے واں یوم پیدائش

پاکستانی ٹی وی اسکرین کو ناقابلِ فراموش ڈرامے دینے والے عظیم لکھاری شوکت صدیقی کا آج ترانوے واں یوم پیدائش
March 19, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستانی ٹی وی اسکرین کو ناقابلِ فراموش ڈرامے اور اردو ادب کے دامن کو لازوال ناولوں سے بھر دینے والے عظیم لکھاری شوکت صدیقی کا آج ترانوے واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔ بیس مارچ انیس سو تیئیس کو پیدا ہونے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ شوکت صدیقی تقسیم ہند کے بعد انیس سو پچاس میں لکھنئو سے پاکستان چلے آئے۔ ابتدا میں لاہور کو اپنا مسکن بنایا اور اس کے بعد کراچی منتقل ہو گئے۔ پاکستان میں کون ایسا ہو گا جو خدا کی بستی جیسے یادگار ٹی وی ڈرامے سے واقف نہ ہو۔ یہ ڈراما شوکت صدیقی کے قلم کا شاہکار تھا اور اس کا دنیا کی چھبیس زبانوں میں ترجمہ بھی کیا گیا تھا۔ شوکت صدیقی نے جہاں بہترین فکشن تخلیق کیا وہیں خود کو منجھا ہوا اور بہترین صحافی بھی ثابت کیا۔ وہ کئی معروف انگریزی اخبارات سے منسلک رہے اور کئی اردو اخبارات کے مدیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ ان کا پہلا مختصر افسانہ کون کسی کا پہلی بار ہفت روزہ خیام لاہور میں منطرعام پر آیا اور انیس سو باون میں ان کے افسانوں  کے مجموعے تیسرا آدمی نے انہیں ایک اور کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انیس سو پچپن میں اندھیرے در اندھیرے اور انیس سو چھپن میں راتوں کا شہر اور انیس سو چوراسی میں کیمیاگر جیسے افسانوی مجموعوں نے ان کی شہرت کو چار چاند لگا دیے۔