Friday, May 3, 2024

پاکستانی نژاد صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر بن گئے

پاکستانی نژاد صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر بن گئے
May 7, 2016
لندن (92نیوز) صادق خان نے زیک گولڈ اسمتھ سمیت گیارہ امیدواروں کو شکست دی۔ سرکاری نتائج کے مطابق نومنتخب میئر نے تیرہ لاکھ دس ہزار ایک سو تینتالیس ووٹ حاصل کئے۔ باپ بس چلاتا تھا‘ بیٹا لندن کو چلائے گا۔ پاکستانی نژاد صادق خان تیرہ لاکھ دس ہزار سے زائد ووٹ لےکر لندن کے پہلے مسلمان میئر بن گئے۔ مسترد شدہ ووٹوں پر اعتراضات کی وجہ سے سرکاری نتیجے کے اعلان میں تاخیر ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق بس ڈرائیور کے بیٹے نے تاریخ رقم کر دی۔ یورپ کے سب سے بڑے شہر کی حکمرانی کا تاج صدیوں کے بعد ایک مسلمان کے سر پر سج گیا۔ پاکستانی نژاد صادق خان تیرہ لاکھ دس ہزار ایک سو تینتالیس ووٹ حاصل کرکے لندن کے میئر منتخب ہو گئے۔ اس عہدے کے لئے بارہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔ ان کے قریب ترین حریف زیک گولڈ اسمتھ نے نو لاکھ چورانوے ہزار ووٹ حاصل کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صادق خان نے لندن کے شہریوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔ صادق خان نے ایک بار پھر اپنا وعدہ دہرایا کہ لندن کے شہریوں کیلئے مستقبل میں سستے رہائشی منصوبے اور روزگار کے بہتر مواقع انکی اولین ترجیح ہو گی۔ زیک گولڈ اسمتھ نے اپنے مختصر خطاب میں انتخابی نتائج پر مایوسی کا اظہار کیا اور صادق خان کوجیت کی مبارکباد دی۔ گنتی کے دوران مسترد شدہ ووٹوں پر پولنگ اسٹاف کے اعتراضات کے باعث میئر کے انتخابات کے سرکاری نتیجے کا اعلان تاخیر سے کیا گیا۔