Tuesday, April 16, 2024

پاکستانی نژاد باکسر عامر خان نے کولمبین حریف سیموئل ورگاس کو ہرا دیا

پاکستانی نژاد باکسر عامر خان نے کولمبین حریف سیموئل ورگاس کو ہرا دیا
September 9, 2018
برمنگھم (92 نیوز) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سپر ویلٹر ویٹ کیٹگری میں کولمبین حریف سیموئل ورگاس کو شکست دیدی۔ فائٹ کا فیصلہ پوائنٹس کی بنیاد پر کیا گیا۔ باکسنگ دنیا کے کنگ کہلانے والے عامر خان کی رنگ میں فاتحانہ واپسی ہو گئی۔ کولمبین حریف  سیمئول ورگاس کو دھول چٹا دی۔ برمنگھم ایرینا میں منعقدہ سپر ویلٹر ویٹ کیٹگری کی یہ فائٹ سنسنی سے بھرپور رہی ۔ ابتدائی راؤنڈز سے ہی دونوں باکسرر ایک دوسرے کو ناک آؤٹ کرنے میں لگ گئے ۔ خوب ہوئی مکوں کی بارش ،شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں بھی تیز ہو گئیں۔ جارحانہ باکسنگ کا یہ سلسلہ تمام بارہ راؤنڈز تک چلتا رہا جس کے بعد ججز نے متفقہ فیصلہ دیتے ہوئے عامر خان کو فاتح قرار دیا۔ اُن کی جیت کا سکور ایک سو انیس ایک سو آٹھ،ایک سو انیس ایک سو نو ،اور ایک سو اٹھارہ ایک سو دس رہا۔ وہ اب تک سینتیس میں سے 33 مقابلے اپنے نام کر چکے ہیں۔ پوسٹ میچ انٹرویو دیتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ مقابلہ توقع سے زیادہ سخت تھا۔ سیموئل ورگاس ایک اچھے فائٹر ہیں۔ اس لڑائی سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ انہوں نے فلپائن کے عظیم باکسر مینی پیکیو کو فائٹ کا چیلنج دیا۔ عامر خان کی جیت پر پاکستانی و کشمیری کمیونٹی خوشی سے نہال ہو گئے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔