Monday, September 16, 2024

پاکستانی نوجوانوں کی رہائی کیلئے بھارتی جواب کا انتظار ہے: دفتر خارجہ

پاکستانی نوجوانوں کی رہائی کیلئے بھارتی جواب کا انتظار ہے: دفتر خارجہ
February 2, 2017

اسلام آباد (92نیوز) دوسروں پر انگلی اٹھانے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھو۔ پاکستان نے بھارت کو مفت مشورہ دیدیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں حافظ سعیدکی نظر بندی ریاست کا مسئلہ ہے اس پر بھارتی ردعمل کی ضرورت نہیں۔ بھارت کی جانب سے ہتھیاروں کی دوڑ خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان دہشتگردوں کےخلاف بلاتفریق کارروائیاں کررہا ہے۔ بھارت چاہتا ہے تحریک آزادی کشمیر کو دہشتگردی قرار دیا جائے۔ وہ پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ بھارت کو چاہئے دوسرے ممالک کے معاملات پر تبصرہ کرنے کے بجائے اپنے معاملات درست کرے۔

نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان کے روایتی ہتھیار ملکی دفاع کےلئے ہیں۔ پاکستان خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ 3پاکستانی نوجوانوں کی رہائی کے لئے بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔

امریکی صدر کے حالیہ فیصلے پر ترجمان نے کہاکہ امیگریشن پالیسی ہر ملک کا حق ہے۔ کہتے ہیں حسین حقانی نے کویت ویزا پابندی پر پرانی خبر کو ری ٹویٹ کیا۔