Sunday, September 8, 2024

پاکستانی نوجوان چار سال سے بھارتی جیل میں قید، عدالت سے ملنے والی دو سال قید کی سزا بھگتنے کے باوجود رہائی کا منتظر

پاکستانی نوجوان چار سال سے بھارتی جیل میں قید، عدالت سے ملنے والی دو سال قید کی سزا بھگتنے کے باوجود رہائی کا منتظر
March 10, 2016
نارووال (نائنٹی ٹو نیوز) ایک اور پاکستانی بھارتی جیل سے رہائی کا منتظر۔ نارووال کا نوجوان چار سال سے بھارت کی جیل میں قید ہے۔ غلطی سے سرحد عبور کرنے والا پاکستانی نوجوان بھارتی عدالت سے ملنے والی دو سال قید کی سزا بھی بھگت چکا ہے لیکن اس کے باوجود رہا نہیں کیا جا رہا۔ نارووال کے نواحی گاﺅں بھنییاں کے محنت کش محمد یوسف کا بیٹا شوکت علی چار سال قبل اپنے مویشیوں کے تعاقب میں غلطی سے بھارتی حدود میں داخل ہو گیا۔ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس نے شوکت کو گرفتار کر لیا جبکہ والدین بیٹے کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔ پھر دو ماہ بعد پتہ چلا کہ شوکت بھارتی جیل میں قید ہے۔ بھارتی عدالت نے شوکت کو چھوٹی سی غلطی پر دو سال کے لیے جیل میں ڈال دیا۔ شوکت کی سزا پوری ہوئے بھی دو سال گزر گئے لیکن بھارتی حکام اس کو رہا کرنے پر تیار نہیں۔ شوکت علی کا آٹھ سال کا بیٹا ہر روز باپ کی راہ دیکھتا ہے اور ہر تہوار پر اس کا ایک ہی سوال ہوتا ہے کہ ابو کب آئیں گے۔ شوکت اپنی غلطی کی سزا بھی بھگت چکا ہے۔ شوکت کی غیرموجودگی میں اس کے غریب اہلخانہ بڑی مشکل سے گزر بسر کر رہے ہیں۔ بوڑھے والدین کی بس ایک ہی فریاد ہے کہ ان کے بیٹے کو بھارتی جیل سے جلد آزادی مل جائے۔