Friday, March 29, 2024

پاکستانی معیشت 4.7فیصد، کاروبار کیلئے موزوں ممالک میں پاکستان بھارت سے آگے آ گیا: برطانوی جریدے اکانومسٹ کی رپورٹ

پاکستانی معیشت 4.7فیصد، کاروبار کیلئے موزوں ممالک میں پاکستان بھارت سے آگے آ گیا: برطانوی جریدے اکانومسٹ کی رپورٹ
May 1, 2015
لندن (ویب ڈیسک) پاکستان کی معاشی صورتحال کے حوالے سے عالمی سطح پر مثبت اشارے آنا شروع ہو گئے ہیں جبکہ معیشت اگلے برس تیزترین رفتار سے بڑھنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ پاکستان کاروبار کیلئے موزوں ترین ممالک کی فہرست میں بھارت سے آگے بڑھ گیا ہے۔ برطانوی جریدے اکانومسٹ نے اپنے تازہ شمارے میں لکھا ہے کہ تیزی سے پھلتی پھولتی سٹاک مارکیٹ، مستحکم کرنسی اور کم افراط زر والے ملک کے متلاشی سرمایہ کار عمومی طور پر پاکستان پر توجہ نہیں دیتے لیکن پاکستان کے بارے میں آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اس کی معیشت اگلے برس چار اعشاریہ سات فیصد شرح سے بڑھے گی جو پچھلے آٹھ سال کے دوران تیزترین شرح ہوگی، مارچ تک قیمتوں میں اضافہ کی شرح اڑھائی فیصد رہی جو دس سال کے دوران قیمتوں میں کم ترین اضافہ ہے۔ سیمنٹ کی فروخت جو کسی بھی ملک میں تعمیرات کی رفتار کو ظاہر کرتی ہے، جولائی سے مارچ کے درمیان ساڑھے پانچ فیصد بڑھی۔ اسی عرصہ کے دوران کاروں کی فروخت میں بائیس فیصد اضافہ ہوا۔ عالمی مارکیٹ میں اگر تیل کی قیمتیں کم رہتی ہیں تو پاکستان اگلے تین سال میں بارہ ارب ڈالر تک بچت کر سکتا ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر دوگنا ہو کر سترہ اعشاریہ سات ارب ڈالر ہو چکے ہیں، ٹیکسوں کی وصولی میں بھی اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال جون میں معطل ہونے والا نجکاری پروگرام اس سال اپریل میں حبیب بینک میں حکومتی حصص کی فروخت سے بحال ہو چکا ہے، پاکستان میں سٹاک مارکیٹ 2012ءکے آغاز سے دوگنا ہو چکی ہے، سٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیاں منافع بخش ہیں۔ پاکستان آنےوالے غیرملکی اچھی سڑکیں اور مضبوط تجارتی ڈھانچہ دیکھ کر حیران ہیں، پاکستان کاروبار کیلئے موزوں ممالک کی ورلڈ بینک کی فہرست میں درمیانے درجے پر اور بھارت سے آگے آگیا ہے، پاکستان میں فاسٹ فوڈ کی بین الاقوامی کمپنیوں کی ایک سو ستاسی برانچیں موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو غربت میں کمی کیلئے شرح ترقی پانچ اعشاریہ سات فیصد سالانہ برقرار رکھنا ہوگی، اگر سکیورٹی مزید بہتر ہوجائے تو ٹیکسٹائل کے برآمدی آرڈر دو سے تین گنا بڑھ جائیں گے۔