Friday, April 19, 2024

پاکستانی قیدی شاکر اللہ کی میت آج ان کے ورثا کے حوالے کی جائے گی

پاکستانی قیدی شاکر اللہ کی میت آج ان کے ورثا کے حوالے کی جائے گی
March 2, 2019
 لاہور (92 نیوز) کئی روز کے احتجاج کے بعد پاکستانی قیدی شاکر اللہ کی میت آج ان کے ورثا کر دی جائے گی۔ بھارت نے احسان فراموشی کی حد کر دی۔ پاکستان نے بھارتی قیدیوں کوہمیشہ  زندہ سلامت عزت و احترام کے ساتھ واپس بھیجا۔ بدلے میں ہمیں صرف بیگناہ پاکستانیوں کی لاشیں ہی ملی ہیں۔ پاکستان نے کل بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کیا، آج بھارت پاکستان کے بے گناہ شہید قیدی کی لاش پاکستان کو دے گا۔ شاکر اللہ کی میت وصول کرنے کیلئے ورثا واہگہ بارڈر پہنچ چکے ہیں۔ ایمبولینس بھی پہنچا دی گئی۔ شاکر اللہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کا بھائی غلطی سے بارڈر کراس کر گیا تھا، اس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔ پلوامہ حملے کے بعد معلوم ہوا کہ شاکر اللہ کو جیل میں شہید کر دیا گیا ہے۔ پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو صحیح سلامت انڈیا  کے حوالے کیا۔ قید کے دوران پاک فوج نے پروفیشنل ازم کا اعلیٰ مظاہرہ کیا اور تمام سہولیات فراہم کیں۔ افسوس پاکستان کو آج بیگناہ قیدی شاکر اللہ کی لاش ملے گی۔ چند روز قبل جے پور کی جیل میں  پاکستانی  قیدی شاکر اللہ کو جیل انتظامیہ کی ملی بھگت سےبھارتی  قیدیوں نے تشدد کرکے قتل کر دیا تھا۔ مقتول کے اہلخانہ  لاش کی حوالگی کیلئے کئی روز تک ٹھوکریں  کھاتے رہے  جس کے بعد  بھارتی حکام کو ہوش آیا۔ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی قیدیوں کے حقوق کا  احترام کیا ہے  جس کی تازہ ترین مثال ابھی نندن کی واپسی ہے مگر مسلمان دشمنی اور جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے جذبہ خیرسگالی کا جواب تنگ نظری سے ہی دیا۔