Monday, September 16, 2024

پاکستانی قوم آج سترواں یوم آزادی قومی جوش وخروش سے منا رہی ہے

پاکستانی قوم آج سترواں یوم آزادی قومی جوش وخروش سے منا رہی ہے
August 14, 2016
اسلام آباد (92 نیوز) – پاکستانی قوم آج سترواں یوم آزادی ملی جذبے اور قومی جوش وخروش سے منا رہی ہے۔ یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں صدر مملکت اور وزیر اعظم نے پرچم کشائی کی۔ نو بجتے ہی ایک منٹ کیلئے سائرن بجائے گئے اور قوم نے یک آواز ہو کر قومی ترانہ پڑھا۔ اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں مسلح افواج کے سربراہان اور غیر ملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے قومی تعمیر و ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی اتحاداور اختلافات سے گریز کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت  نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے فوجیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر نے کہا نیشنل ایکشن پلان کے نتائج حوصلہ افزا ہیں اور آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کے لہو کا ایک ایک قطرہ قوم پر قرض ہے۔ ساٹ صدر مملکت سانحہ کوئٹہ پر قوم کے دل چھلنی ہیں اوراس سانحہ میں جاں بحق ہونیوالوں کےغمزدہ خاندان خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ صدر ممنون حسین نےکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی عالمی سطح پر بھر پور حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ملک میں جمہوری اداروں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا ملکی ترقی اور استحکام کا راز جمہوریت میں ہے صدر نے تحریک پاکستان میں خواتین اور طالبات کے کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آج کی بچیاں علم وہنر سے آراستہ ہو کر قومی ترقی میں حصہ ڈالیں گی۔