Thursday, March 28, 2024

پاکستانی عازمین حج کی واپسی کا سلسلہ 27 اگست سے شروع ہو گا

پاکستانی عازمین حج کی واپسی کا سلسلہ 27 اگست سے شروع ہو گا
August 26, 2018
ریاض (92 نیوز) سعودی عرب سے پاکستانی عازمین حج کی واپسی کا سلسلہ 27 اگست سے شروع ہو رہا ہے۔ پہلی پرواز 256 حجاج کو لیکر جدہ سے اسلام آباد روانہ ہو گی۔ پاکستان حج مشن کے ڈائریکٹرڈاکٹرساجد یوسفانی کےمطابق 27 اگست سے روزانہ آٹھ سے بارہ فلائٹس پاکستان روانہ ہونگی ۔ اس سلسلے میں جدہ کے حج ٹرمینل سے پہلی پرواز دوسوچھپن حجاج کو لیکر روانہ ہوگی۔ حج فلائٹس کا یہ سلسلہ پچیس ستمبرتک جاری رہے گا۔ ساجد یوسفانی کے مطابق سعودی عرب میں موجود تمام حجاج کو گروپس کی شکل میں ایئر پورٹ روانہ کیا جائے گا۔ عازمین حج میں پاکستان کے  ایک لاکھ چوراسی ہزارعازمین شامل ہیں ۔ رواں سال دنیا بھرسے بیس لاکھ عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی جنہیں مکہ مکرمہ سے بسوں کے ذریعے منیٰ لایا گیا۔ منی میں حد نگاہ خیموں کا شہر آباد ہوگیا جو پانچ دن تک جاری رہا۔ عازمین اتوار کو سارا دن قیام کے بعد پیر کی صبح حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لئے میدان عرفات پہنچے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق امسال 2 لاکھ سے زائد داخلی عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے پرمٹ جاری کئے گئے ۔ جدہ کے مختلف مقامات سے داخلی عازمین کی روانگی کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ۔ داخلی عازمین کوحج خدمات فراہم کرنے والے بعض اداروں نے اپنے عازمین کو 7 ذوالحجہ کی شام ہی مکہ مکرمہ پہنچا دیا تھا جہاں سے وہ طواف القدوم کے بعد رات گئے منی روانہ ہوئے۔ مناسک حج  کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔ دس ہزار فوجی  اور تین ہزار پولیس اہلکار حفاظت پر مامور رہے جبکہ رائل فورس کے دس ہیلی کاپٹر اہم مقامات پر  فضائی نگرانی کرتے رہے ۔