Thursday, March 28, 2024

پاکستانی شاہین کپتان سے محروم زمبابوے ٹیم کو ڈھیر کرنے کو تیار، شائقین چوکوں چھکوں کی برسات دیکھنے کو بے تاب

پاکستانی شاہین کپتان سے محروم زمبابوے ٹیم کو ڈھیر کرنے کو تیار، شائقین چوکوں چھکوں کی برسات دیکھنے کو بے تاب
May 29, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستانی شاہینوں نے کپتان سے محروم زمبابوے کی کمزور ٹیم کو شکار کرنے کی تیاری کر لی۔ قومی ٹیم آج کا میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لے گی۔ میچ سہ پہر چار بجے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں گرین شرٹس نے اکتالیس رنز سے فتح اپنے نام کی تھی۔ پاکستانی بیٹسمینوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستانی سرزمین پر تین سو پچھتر رنز کا ریکارڈ مجموعہ ترتیب دیا، شعیب ملک چھے سال بعد سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔ زمبابوے کی ٹیم ہدف تو حاصل نہ کر پائی لیکن اس نے بھی تین سو چونتیس رنز بنا ڈالے، یہ زمبابوے کا کسی بھی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کے خلاف سب سے بڑا اسکور تھا۔ شائقین کرکٹ پرامید ہیں کہ قذافی اسٹیڈیم کی بیٹنگ وکٹ پر انہیں آج ایک بار پھر چوکوں اور چھکوں کی برسات دیکھنے کو ملے گی۔