Friday, April 26, 2024

پاکستانی شاہین بنگلہ دیش روانہ، نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے: اظہر علی

پاکستانی شاہین بنگلہ دیش روانہ، نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے: اظہر علی
April 13, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) بنگلا دیش سے سیریز کیلئے قومی ٹیم کراچی ائیرپورٹ سے روانہ ہو گئی ہے۔ اظہر علی کا کہنا ہے کہ انہیں نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے۔ بنگلا دیش روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان اظہر علی نے کہا کہ بنگلا دیش کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصباح، آفریدی اور یونس خان کی کمی محسوس ہو گی لیکن نوجوان کھلاڑی سینئرز کا خلا پُر کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم تین ون ڈے، ایک ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی ۔ دورہ بنگلا دیش کیلئے قومی ٹیم میں اظہر علی کپتان، سرفراز احمد نائب کپتان، سمیع اسلم، محمد حفیظ، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، حارث سہیل، سعید اجمل، یاسر شاہ، وہاب ریاض، راحت علی، احسان عادل، جنید خان اور سعد نسیم ٹیم شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی تو بنگلا دیش کے خلاف کامیابی کے لئے پرعزم ہیں لیکن دوسری طرف بنگلا دیشی ٹیم بھی اس بار کچھ کر دکھانے کے موڈ میں ہے۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر بنگلا دیشی ٹیم گرین شرٹس کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ بنگال ٹائیگرز پاکستان کے خلاف آج تک ایک ہی کامیابی حاصل کر پائے ہیں لیکن اس بار پاکستانی ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی غیرموجودگی اور میزبان ٹیم کے بھرپور فارم میں ہونے کی وجہ سے سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ حال ہی میں ختم ہونے والے ورلڈ کپ میں بنگلا دیشی ٹیم بھی اگرچہ کوارٹر فائنل سے آگے تو نہ بڑھی لیکن اس نے پول میچ میں انگلینڈ کا غرور خاک میں ملا دیا۔ ایسے میں یہ خدشہ بجا ہے کہ کہیں بنگلا دیشی ٹیم انہونی کو کسی ہونی میں نہ بدل دے۔