Sunday, September 8, 2024

پاکستانی سیاست دانوں کی کثیرتعداد دیارغیر میں عیدالفطر منائے گی

پاکستانی سیاست دانوں کی کثیرتعداد دیارغیر میں عیدالفطر منائے گی
July 3, 2016
کراچی(92نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری بھی دبئی روانہ ہوگئے  جہاں سے وہ لندن کے لیے محو سفر  ہوں گے  ملک کی  اس وقت وزیراعظم ، صدر مملکت،، چیئر مین سینیٹ  اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت کئی اہم شخصیات بیرون ملک ہیں غالب امکان ہے کہ ان میں کئی شخصیات عید بیرون ملک ہی منائیں گی۔۔ تفصیلات کےمطابق عید کا مزا تو اپنوں میں ہوتا ہے شاید اسی لیے پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری  بھی دبئی چلے گئے ہیں جہاں سے وہ لندن میں اپنے والد آصف علی زرداری کے پاس جائیں گے جہاں ان کی بہنیں ، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو پہلے ہی بیرون ملک ہیں ذرائع بتاتے ہیں ان کی واپسی عید کے بعد ہی ہوگی۔ دوسری جانب  ملک کے صدر مملکت  ممنون حسین بھی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کےلیے سعودی عرب میں مقیم ہیں ذرائع بتاتے ہیں صدر مملکت عید بھی وہیں منائیں گے ۔ بات کی جائے چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی کی تو وہ بھی قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالتے ہی عمرے کے لیے روانہ ہوگئے  اور غالباً عید کے بعد ہی واپس آئیں گے ،مملکت خدا داد پاکستان کے  وزیراعظم دل کے آپریشن کے بعد سے لندن میں ہی مقیم  اور سفر کے لیے ڈاکٹروں کی منظوری کے منتظر ہیں  حالات کو دیکھتے ہوئے ان کی عید سے قبل واپسی مشکل ہی ہے تاہم کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عید پر واپس آکر سرپرائز بھی دے سکتے ہیں ۔