Thursday, September 19, 2024

پاکستانی سکیورٹی ٹیم نے دھرم شالا میں میچ کو سکیورٹی رسک قرار دیدیا

پاکستانی سکیورٹی ٹیم نے دھرم شالا میں میچ کو سکیورٹی رسک قرار دیدیا
March 8, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان اور بھارت کا میچ ہوگا یا نہیں۔ پاکستان کی ٹیم بھارت جائے گی یا نہیں۔ ابھی تک کسی بات کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔ دھرم شالا کا دورہ کرنے والی پاکستان کی سکیورٹی ٹیم نے اپنی رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوا دی ہے۔ رپورٹ میں دھرم شالا میں سکیورٹی انتظامات کو غیرمعیاری قرار دیتے ہوئے میچ کسی اور شہرمیں منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کے مقابلے بھارت میں شروع ہوگئے لیکن پاکستان کی ٹیم شیڈول کے مطابق بھارت نہیں جا سکی۔ ایونٹ کی انتظامیہ نے سوچے سمجھے بغیر پاکستان اور بھارت کا میچ انیس مارچ کو دھرم شالا میں رکھ دیا جہاں صوبائی حکومت کی کوئی کل سیدھی ہے اورنہ انتہاپسندوں کو لگام ڈالنے کی کوئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ انتہاپسند شہرمیں دندناتے پھر رہے ہیں۔ حکومت کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔ پاک بھارت میچ روکنے کیلئے پچ اکھاڑنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن مودی حکومت کو کھیل کاکوئی خیال ہے نہ اپنی سفارتی ذمہ داریوں کا۔ بھارت کادورہ کرنےوالی پاکستانی کی سکیورٹی ٹیم نے اپنی رپورٹ پاکستان میں وزارت داخلہ کوبھجوا دی ہے جس میں دھرم شالامیں سکیورٹی انتظامات پرعدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے تجویز دی گئی ہے کہ یہاں بپھرے ہندوکچھ بھی کرسکتے ہیں اس لئے پاکستان کا یہاں کھیلنا خطرے سے خالی نہیں۔ میچ کہیں اورمنتقل کرنا ہی بہتر ہوگا۔ وزارت داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک بھارتی حکومت پاکستانی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کی مکمل ضمانت نہیں دے گی پاکستان کی ٹیم کوبھارت نہیں بھیجا جائےگا۔ اس سے قبل بھارتی میڈیا کی طرف سے دو متضاد دعوے دیکھنے میں آئے اوراس نے لاپروائی اورپروپیگنڈے کی حدہی کر دی۔ پہلے کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی ٹیم دھرم شالا میں میچ کے خلاف ہے پھر یہ خبر آگئی کہ پاکستان اوربھارت کا میچ دھرم شالا میں ہی ہوگا اورسکیورٹی ٹیم یہاں کھیلنے پر مطمئن ہے۔ بھارتی انتہاپسندوں کی طرف سے دھمکیوں اور ہماچل پردیش حکومت کی طرف سے میزبانی سے انکار کے بعد میچ کے انعقاد پر بے یقینی کے سائے بدستورمنڈلا رہے ہیں۔