Monday, September 16, 2024

پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس اسلام آباد میں جاری

پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس اسلام آباد میں جاری
September 5, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں خارجہ پالیسی سے متعلق اہم معاملات پر غور کیا جارہا ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کانفرنس کا افتتاح کیا۔

کانفرنس کے شرکاء جغرافیائی سیاسی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں خارجہ پالیسی کی اہمیت اور اس میں مزید بہتری کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

امریکہ،روس، چین، سعودی عرب ،قطر،افغانستان، ایران اور بھارت سمیت مختلف ملکوں میں تعینات پاکستانی سفیر کانفرنس میں شریک ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کانفرنس کی اختتامی نشست کی صدارت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی قربانیاں تسلیم کیے بغیر آگے بڑھنے میں مشکلات ہو سکتی ہیں۔

افغان مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں، سیاسی حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو پر امن جنوبی ایشیاء کا ضامن قرار نہیں دیا جا سکتا اور مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل کے بغیر پر امن جنوبی ایشیاء کا خواب ادھورا رہیگا۔