Sunday, September 8, 2024

پاکستانی سفارتکاروں کو میچ دیکھنے کی اجازت نہ دینا مایوس کن ہے : دفترخارجہ

پاکستانی سفارتکاروں کو میچ دیکھنے کی اجازت نہ دینا مایوس کن ہے : دفترخارجہ
March 17, 2016
اسلام آباد (92نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں پاکستانی سفارت کاروں کو میچ دیکھنے کی اجازت نہ ملنے پر شدید مایوسی ہوئی۔ امید ہے آج یہ معاملہ طے پاجائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کیلئے افغان حکومت اور تمام طالبان گروپس کا مذاکرات کی میز پر آنا ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیپال میں سرتاج عزیز، سشما سوراج کو بھارتی وزیراعظم مودی کے لیے سارک کانفرنس کا دعوت نامہ دینگے۔ پاکستانی سفارت کاروں کو میچ دیکھنے کی اجازت نہ دینا مایوس کن ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیوکلیئر کانفرنس میں نواز مودی ملاقات پر ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی۔ پاکستان شام کے مسئلے کا مذاکرات کے ذریعے پرامن حل چاہتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے افغان حکومت اور تمام طالبان گروپس کا مذاکرات کی میز پر آنا ضروری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششیں پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ سابق افغان صدر حامد کرزئی اور امریکی میڈیا رپورٹس پر کوئی تبصرہ نہیں کرونگا۔