Saturday, April 27, 2024

کرونا وائرس، چین پاکستانیوں کو تمام ممکنہ سہولیات دے گا، دفتر خارجہ

کرونا وائرس، چین پاکستانیوں کو تمام ممکنہ سہولیات دے گا، دفتر خارجہ
January 30, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) چین نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پاکستانیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی، ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کہتی ہیں کہ وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام اقدامات کررہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کرونا وائرس اہم نکتہ رہا، بتایا کہ حکومت پاکستان حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور چینی حکام سمیت پاکستانیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ تسلیم کیا کہ چین میں پاکستانیوں کو خوارک سمیت دیگر مسائل درپیش ہیں۔ حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کے حوالے سے ٹیکنیکل کمیٹی قائم کردی اور این آئی ایچ میں ایمرجنسی سیل بھی بنا دیا۔ ارومچی میں فلائٹ میں تاخیر سے پاکستانیوں کومشکلات ہوئیں۔ جو بھی بہتر حل ہے لوگوں کی فلاح کے لیے وہ ہی قدم اٹھایا جائے گا۔ جو طلبہ سفارتخانے کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں انہیں فوری طور پر رجسٹرڈ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکام نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے بر وقت اقدامات کیے ہیں، چینی بھائیوں کی ہر طرح کی مدد کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ چینی حکومت کے اقدامات پر پوری دنیا ان چین کی معترف ہے۔ ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق چین سے کسی دوسرے ملک نے اپنے شہریوں کو نہیں نکالا، مختلف ممالک چین سے بات چیت کر رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا لاک ڈاؤن کو آج 179 دن ہو گئے ہیں۔ بین الاقوامی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر خلاف ورزی پر بھارت کے سینئر سفارتکار کی طلبی کی گئی ہے۔ افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاج سے متعلق سوال پر عائشہ فاروقی نے کہا کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاج کا نوٹس لیا ہے لیکن پاکستانی سفارت خانہ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ کینیا کے سرکاری دورے پر ہیں، مسئلہ فلسطین پر پاکستان دو ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے۔