Friday, March 29, 2024

پاکستانی خواتین کے سر فخرسے بلندکردینےوالے کارنامے

پاکستانی خواتین کے سر فخرسے بلندکردینےوالے کارنامے
March 8, 2015
لاہور(ویب ڈیسک) پاکستانی خواتین نے ایسے کارنامے سرانجام دیے ہیں کہ اپنے والدین سے زیادہ اپنے ملک کا سرفخرسے بلند کر دیاہے۔ سیاسی میدان کی بات ہو تو بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں انہیں دختر مشرق کا لقب بھی ملا ۔ پیپلز پارٹی سے ہی تعلق رکھنے والی فہمیدہ مرزا کو پاکستان کی پہلی خاتون اسپیکر قومی اسمبلی بننے کا اعزاز حاصل ہوا جبکہ حنا ربانی کھر ملک کی پہلی خاتون وزیر خارجہ بنیں۔ پاکستان کی ایک اور بیٹی نمیرہ سلیم پہلی خلاباز خاتون ہیں۔کولمبیا یونیورسٹی کی گریجوایٹ نمیرہ مہم جوئی کی دنیا میں بھی کئی ریکارڈ قائم کرچکی ہیں۔تعلیم کیلئے اپنی جان پر کھیل جانے والی ملالہ یوسفزئی بھی پاکستان کی بیٹی ہیں انہوں نے اپنے عزم کی بنا پر عالمی سطح پر شہرت حاصل کی اور نوبل امن ایوارڈ پاکستان کے نام کیا۔ ارفع کریم رندھاوا دنیا بھر کی کم عمر ترین آئی ٹی پروفیشنل قرار پائیں۔ ملک کا روشن ستارہ ارفع کریم اب دار فانی سے کوچ کرچکی ہیں۔ ڈاکٹر شمشاد اختر سٹیٹ بینک پاکستان کی چودھویں اور پاکستان کی پہلی خاتون گورنر بنیں۔ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ بھی پاکستان کی ہی بیٹی ہیں۔ پاکستان کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ عائشہ فاروق بھی اٹھارہ کروڑ عوام کا فخر ہیں۔ پاکستان میں بھی خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ایسی قابل فخر خواتین نے کامیابی کے وہ جھنڈے گاڑے کہ آنے والی نسلیں ان کی خدمات یاد رکھیں گی۔