Sunday, September 8, 2024

پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹوینٹی میچ میں بھارت کو ہرا دیا

پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹوینٹی میچ میں بھارت کو ہرا دیا
March 19, 2016
دہلی (ویب ڈیسک) دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے خواتین کے ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے میچ میں پاکستان نے بھارت کو دو رنز سے شکست دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کپتان ثنا میر کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ سود مند ثابت ہوا۔ پاکستانی باولرز نے ابتدا سے ہی بھارتی ناریوں کو دباو¿ میں رکھا اور صرف چھیانوے اسکور تک محدود کر دیا۔ کرشنا مورتھی چوبیس رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہیں۔ میتھالی راج اور ہرمن پریت کور نے چودہ‘ چودہ رنز بنائے۔ پاکستان کی انعم امین‘ اسماویہ اقبال‘ ثنا میر‘ سعدیہ یوسف اور ندا ڈار نے ایک‘ ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی خواتین نے جارحانہ انداز سے ہدف کا تعاقب شروع کیا لیکن انیس کے مجموعی سکور پر ناہیدہ خان چودہ رنز بنا کر آوٹ ہو گئیں۔ انہوں نے تین چوکے لگائے۔ سدرہ امین چھبیس رنز بنا کر میچ کی ٹاپ سکورر رہیں۔ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ اینڈ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا۔ بارش کے باعث میچ رکا تو پاکستان ہدف سے 2رنز آگے تھا۔ میچ رکنے پر پاکستانی ویمن ٹیم کا سکور 6 وکٹوں پر 77رنز تھا۔ ڈک ورتھ لوئس میتھ کے طے شدہ طریقہ کار کے تحت پاکستان کو فاتح قرار دیا گیا۔