Saturday, April 27, 2024

پاکستانی خفیہ اداروں نے بی بی سی رپورٹ پر تحقیقات شروع کر دیں !!! ماہر افسروں پر مشتمل ٹیم لندن جائیگی

پاکستانی خفیہ اداروں نے بی بی سی رپورٹ پر تحقیقات شروع کر دیں !!! ماہر افسروں پر مشتمل ٹیم لندن جائیگی
June 25, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان میں بد امنی کےلئے ایم کیو ایم کو بھارتی فنڈنگ کی رپورٹ سے ملک میں ہلچل مچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایس آئی، آئی بی سمیت دیگر اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان نے برطانیہ سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پولیس، ایف آئی اے اور خفیہ اداروں کے ماہر افسروں پر مشتمل ٹیم لندن جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بی بی سی کی ایم کیو ایم کے حوالے سے رپورٹ پر بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کردی ہیں اور پاکستان نے تحقیقات میں تعاون کے لیے برطانیہ سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے تمام خفیہ اداروں کو تحقیقات کرنے کی اجازت دیدی ہے اور اہم پیشرفت یہ ہوئی ہے کہ آئی ایس آئی، آئی بی نے تحقیقات کےلئے بی بی سی کی رپورٹ کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ وزارت داخلہ برطانوی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے، برطانیہ نے ٹیم کی دستاویزی ثبوتوں تک مشروط رسائی کےلئے آمادگی ظاہر کی ہے، بی بی سی رپورٹ پر تحقیقات کےلئے ٹیم برطانیہ جائے گی، ٹیم میں پولیس، ایف آئی اے اور خفیہ اداروں کے ماہر افسر شامل ہوں گے۔ ٹیم لندن میں سکارٹ لینڈ یارڈ سے معلومات کا تبادلہ بھی کرےگی اور بی بی سی کے لندن میں نمائندے سے ملاقات کی جائے گی۔ پاکستانی ٹیم اور سکارٹ لینڈ یارڈ مشترکہ طور پر اس کیس کے مرکزی کرداروں کے بیانات بھی قلمبند کریگی۔