Sunday, May 19, 2024

پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ دوسری مرتبہ کے ٹو سر کرنے نکل پڑیں

پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ دوسری مرتبہ کے ٹو سر کرنے نکل پڑیں
June 17, 2021

سکردو (92 نیوز) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ کے ٹو کو دوسری بار سر کرنے کے لئے نکل پڑیں۔ مہم جوئی کے لیے سکردو پہنچ گئیں، 6 رُکنی ٹیم کل کے ٹو بیس کیمپ روانہ ہوگی۔

پہاڑوں کی بیٹی ثمینہ بیگ دنیا کے دوسری بلند اور خطرناک چوٹی کے ٹو کو دوسری بار سر کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

فاتحِ ماونٹ ایوریسٹ ثمینہ بیگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کے ٹو کی مہم جوئی کا مقصد پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنا ہے، اس ایکسپیڈیشن ٹیم میں تمام ممبرز مقامی ہیں جو کوہ پیمائی میں خاصا تجربہ رکھتے ہیں۔

پاکستان خاتون کوہ پہما کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستانی کوہ پیماوں کو حکومتی سطح پر سپانسرشپ نہیں ملتی میں نے کئی اداروں سے رابطہ کیا مگر ناکام رہی اس مہم جوئی کے لیے مجھے مواصلاتی کمپنی سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن نے سپانسر کیا ہے۔

ثمینہ بیگ دنیا کو بلندترین چوٹی ماونٹ ایوریسٹ سرکرنے والی پہلی مسلم خاتون اور سیون سمٹ کے نام سے منسوب 7 معروف چوٹیوں پر سبز ہلالی پرچم لہرانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ان کی کامیابی میں بھائی مرزا علی بیگ کا کلیدی کردار ہے، اس سے قبل ثمینہ بیگ نے اپنے بھائی کے ہمراہ 2015 میں کے ٹو کی مہم جوئی کی کوشش کہ تھی تاہم زخمی ہونے کے باعث مہم جوئی کامیاب نہ ہوسکی تھی۔