Saturday, April 27, 2024

پاکستانی حکومت ، فوج خطے میں امن کیلئے بھارت سے بات چیت کے خواہشمند ہیں، فواد چودھری

پاکستانی حکومت ، فوج خطے میں امن کیلئے بھارت سے بات چیت کے خواہشمند ہیں، فواد چودھری
September 7, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور فوج دونوں خطے میں امن کیلئے بھارت سے بات چیت کے خواہشمند ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی اردو سروس کو خصوصی انٹرویو میں  فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور فوج دونوں ہی خطے میں امن کے لیے انڈیا سے بات چیت کے خواہشمند ہیں اور اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارت کو اشارے بھی دیے جا چکے ہیں لیکن ابھی تک ان کا کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو اصل مسئلہ ووٹرز کا ہے، کہ کہیں پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانے سے ان کے ووٹوں میں کمی نہ ہو جائے کیونکہ حکمران جماعت بی جے پی نے پاکستان مخالفت پر ہی اپنی الیکشن مہم چلائی تھی۔ فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنا کرتار سنگھ، بارڈر بہت جلد سکھ یاتریوں کیلئے کھول دے گا جس کے بعد سکھ برادری بغیر کسی ویزے کے گرودوارہ دربار صاحب جا سکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں خصوصی نظام بھی بنایا گیا ہے جسے جلد عمل میں لایا جائے گا۔