Friday, March 29, 2024

پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کر آؤٹ ‏

پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف پہلی اننگز میں  240 رنز بنا کر آؤٹ ‏
November 21, 2019
برسبین  ( 92 نیوز) پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم  پہلی اننگز میں  240 رنز بنا کرآل  آؤٹ ہو گئی ۔ شان مسعود اور کپتان اظہر علی نے اوپننگ کی ،75 کے اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری  جب شان مسعود 27 رنز بنا کر کیومنز کی گیند پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ،75 ہی کے اسکور پر ساتھی اوپنر اور کپتان اظہر علی بھی چلتے بنے ، وہ ہیزل ووڈ کی گیند پر برنز کو کیچ تھما بیٹھے ۔ مڈل آرڈر اسد شفیق  پاکستان کی جانب سے ٹاپ اسکورر  رہے ،  انہوں نے 134 گیندیں کھیل کر 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔ اسد شفیق دوسری وکٹ گرنے پر  کریز پر آئے اور  نویں نمبر تک کھڑے رہے ۔ وہ 33.3 اوورز پر کریز پر آئے اور 81.4 اوورز میں آؤٹ ہوئے ۔ وہ کیومنز کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ تیسری وکٹ 77 کے مجموعی اسکور پر حارث سہیل کی گری جو صرف  ایک رن بنا کر ہمت ہار گئے ، انہوں نے سٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ پکڑایا ۔ بابر اعظم بھی قوم کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور چوتھی ہی گیند پر ہیزل ووڈ کی گیند پر برنز کو کیچ تھما بیٹھے ، انہوں نے ایک رن بنایا۔ افتخار احمد پاکستان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے ،انہوں نے 7 رنز بنائے اور لیون کی گیند پر لیبوشگنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے محمد رضوان امپائر کے متنازعہ فیصلے کی بھینٹ چڑھ گئے ،  نو بال کے باوجود تھرڈ امپائر نے رضوان کو آؤٹ قرار دیا ۔ یاسر شاہ نے 26 رنز کی مزاحمت کی وہ سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے  جبکہ شاہین شاہ آفریدی پہلی ہی گیند پر سٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے اور بغیر کوئی اسکور کئے  واپس لوٹ گئے ۔ ڈیبیو کرنے والے نسیم شاہ  نے 7 اسکور کئے ،سٹارک کی گیند پر انہیں کے ہاتھوں کیچ آؤ ٹ ہوئے ۔ عمران خان نے پانچ گیندیں کھیلیں مگر کوئی رن نہ بنایا ، وہ ناقابل شکست رہے ۔