Sunday, May 19, 2024

پاکستانی انڈس واٹر کمیشن کا وفد 119 ویں دورے پر بھارت روانہ

پاکستانی انڈس واٹر کمیشن کا وفد 119 ویں دورے پر بھارت روانہ
January 27, 2019
 لاہور (92 نیوز) پاکستانی انڈس واٹر کمیشن کا وفد 119 ویں دورے پر واہگہ کے راستے بھارت روانہ ہو گیا۔ پانی کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان برسوں سے جمی برف پگھلنے لگی۔ کمشنر سید مہر علی شاہ کی سربراہی میں انڈس واٹر کمیشن کا تین رکنی وفد بھارت روانہ ہو گیا۔ پاکستانی وفد بھارت میں زیر تعمیر آبی منصوبوں کا دورہ اور معائنہ کرے گا۔ واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ منصوبوں کے لیے پہلے ملاقاتیں اور ڈیٹا حاصل کیا جائیگا۔  2014 سے منقطع  ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہونے سے دونوں اطراف میں پانی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ مہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ انڈس واٹر ٹریٹی کا ایک طریقہ کار ہے، اس پر عملدرآمد دونوں ممالک کو فائدہ دے گا۔ پاکستانی وفد 27 جنوری سے یکم فروری تک بھارت کا دورہ کرے گا۔ اس پہلے بھارتی وفد گزشتہ اگست میں پاکستان کے دورے پر آیا تھا۔