Saturday, May 11, 2024

پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھارت کا بڑا سائبر حملہ ناکام بنا دیا

پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھارت کا بڑا سائبر حملہ ناکام بنا دیا
August 12, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بڑے نقصان سے بچا لیا، بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سائبر حملے کی نشاندہی کرکے ناکام بنا دیا، دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے متعدد اہداف کو ٹریک کرلیا گیا، سرکاری اداروں کو سائبر حملوں اور سائبر سلامتی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ لائن آف کنٹرول ہو، ورکنگ باؤنڈری، یا پھر بحری راستے یا فضائی حدود ہندوستان، پاکستان دشمنی میں حدیں پھلانگ گیا۔ پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشت گردی ہو یا کمانڈر کلبھوشن کی صورت میں دہشت گرد نیٹ ورکس اور جاسوسوں کی پشت پناہی۔ بھارت کی پاکستان دشمن سرگرمیاں بڑھ گئیں۔ بھارت نے اب پاکستان پر سائبرحملوں کا بھی آغاز کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کمال مہارت اور برق رفتاری سے بھارت کے بڑے سائبر حملے کی نشاندہی کرکے ناکام بنا دیا۔ بھارتی خفیہ ایجنسیاں دھوکہ دہی اور جعل سازی سے متعدد سائبر جرائم ، ذاتی موبائل فونز، سرکاری اور فوجی تکنیکی آلات کی ہیکنگ میں ملوث پائی گئیں۔ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے متعدد اہداف کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پاک فوج نے سائبر حملوں کے تناظر میں منفی سرگرمیوں اور خطرات کو ناکام بنانے کیلئے مزید اقدامات اٹھائے ہیں۔ سائبر سلامتی یقینی بنانے کیلئے ضابطہ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں بھی کی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تمام سرکاری اداروں کو سائبر حملوں سے متعلق انتباہ جاری کر دیا گیا، جبکہ واضح کیا گیا ہے کہ کہیں بھی کسی بھی قسم کی کمی کوتاہی ہے تو اُس کی فوری شناخت کرکے سائبر سلامتی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔