Wednesday, April 24, 2024

پاکستانی افواج سے بدلہ لینے کا وقت آگیا،بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی

پاکستانی افواج سے بدلہ لینے کا وقت آگیا،بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی
September 22, 2018
ممبئی ( 92 نیوز) بھارت نے امن کی خواہش کو کمزوری سمجھ لیا ، پہلے مذاکرات سے انکار کیا اور  اب بھارتی آرمی چیف گیدڑ بھبکیاں مارنے لگے۔  جنرل بپن راوت نے کہا کہ پاکستانی افواج سے بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے ، پاکستان کو درد محسوس کرانا چاہتے ہیں ۔ بھارتی آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ کارروائیوں کا اعتراف کر لیا۔ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت گھبراہٹ کے عالم میں گیدڑ بھبکیوں پر اتر آئے، شاید انہوں نے امن کی کوششوں کو دہشتگردی کا نام دے رکھا ہے ۔  ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درد محسوس کرانا چاہتے ہیں، بھارتی حکومت کی پالیسی بالکل واضح اور جامع ہے، مذاکرات اور دہشتگردی کو ایک ساتھ لے کرنہیں چل سکتے۔ جنرل بپن راوت کی ہرزہ سرائی کچھ اور بڑھی تو بولے پاک فوج کےخلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے، پاکستان کو اسی کی زبان میں جواب دینے کا وقت آگیا ہے، انہوں نے خطے میں اسلحے کی دوڑ جاری رکھنے کا عزم بھی دہرا دیا اور کہا کہ بھارت ہتھیاروں کی خریداری جاری رکھے گا ۔ جنرل بپن راوت کی گھبراہٹ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ کارروائیوں کا بھی اعتراف کر بیٹھےاور کہا کہ حکومت نے انہیں کارروائیاں جاری رکھنے کی مکمل آزادی دی ہوئی ہے، وہ مقبوضہ کشمیر، شمالی اور مشرقی علاقوں میں آزادانہ کارروائیاں کررہے ہیں ۔ بھارتی آرمی چیف کا حالیہ بیان داخلی مسائل سے دوچار مودی سرکار کو سہارا دینے کی ناکام کوشش ہو سکتی ہے، اسے بھارتی فوج پر عائد کرپشن کے الزامات اور عالمی سطح پر کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش بھی کہا جا سکتا ہے۔  تاہم جو بھی ہو شرپسند بھارت کا اصل چہرہ بےنقاب ہوگیا۔