Friday, April 26, 2024

پاکستانی ارکان پارلیمنٹ کا بھارتی آرمی چیف کو گیدڑ بھبکیوں پر گریبان میں جھانکنے کامشورہ

پاکستانی ارکان پارلیمنٹ کا بھارتی آرمی چیف  کو گیدڑ بھبکیوں پر گریبان میں جھانکنے کامشورہ
September 24, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز )بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیوں کی گونج ایوان بالا تک بھی جا پہنچی، وزیراطلاعات فوادچودھری اور رہنما پیپلزپارٹی میاں رضا ربانی نے بھارت کو اپنے گریبان میں جھانکنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے، بھارتی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں ۔ بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کے خلاف گیدڑ بھبکیوں کی گونج ایوان بالا میں بھی سنائی دینے لگی ، سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان متحد ہے اور بھارتی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں، بھارت کی اندرونی سیاست سے متاثر نہیں ہوں گے، کشمیر بھارت کے ہاتھوں  سے نکل چکا ہے ۔ میاں رضا ربانی نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور افواج بھارت کی گیڈر بھبکیوں میں آنے والے نہیں، جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر بھارت کے سامنے کھڑی ہوگی ۔ دوسری جانب نیویارک روانگی سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بھارت مذاکرات کی بات کرکے پیچھے ہٹ گیا، پاکستان ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، لیکن بھارت داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے دشمنی کے بیانیے پر چل رہا ہے۔