Wednesday, April 24, 2024

پاکستانی آرمی چیف سے نوجوت سنگھ سدھو کا بغل گیر ہونا بھارت کو ہضم نہیں ہو سکا

پاکستانی آرمی چیف سے نوجوت سنگھ سدھو کا بغل گیر ہونا بھارت کو ہضم نہیں ہو سکا
September 18, 2018
نیو دہلی (92 نیوز) پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سےنوجوت سنگھ سدھو کا بغل گیر ہونا ابھی تک بھارت کو ہضم نہیں ہو سکا۔ بھارتی میڈیا کے بعد اب بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج بھی پھٹ پڑیں۔ امن مخالف بھارت نے پاکستان سے محبت اور امن کا پیغام لے کر جانیوالے نوجوت سنگھ سدھو پر زہر اگلنے کا سلسلہ ابھی تک بند نہ کیا۔ بھارتی میڈیا کے بعد اب حکومت کے اعلیٰ افسران بھی بھارتی سیاستدان اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو پر تنقید کرنے میدان میں اتر آئے۔ نوجوت سنگھ سدھو کی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کیساتھ ملاقات بھی کلاس میں تبدیل ہو گئی۔ پاکستانی آرمی چیف سے بغل گیر ہونے پرنوجوت سنگھ سدھو کو خوب ڈانٹا۔ کہتی ہیں پاکستان میں نوجوت سنگھ سدھو کا رویہ بالکل بھی مناسب نہیں تھا۔ ملاقات میں سشما سوراج نے نوجوت سنگھ سدھو کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کا مسلہ بہت حساس ہے لیکن نوجوت سنگھ سدھو کے بیانات سے یہ ضرورت سے زیادہ سیاسی بنا۔ نوجوت سنگھ سدھو وہ واحد بھارتی سیاستدان ہیں جو وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے پاکستان آئے تھے۔ اس کے علاوہ نوجوت سنگھ سدھو نے سکھوں کیلئے ویزہ کے بغیر کرتار پور بارڈر کھولنے پر پاکستان کا بے حد شکریہ بھی ادا کیا تھا۔