Saturday, May 11, 2024

پاکستان ہمیشہ امن کا پارٹنر بنے گا، امن کے فروغ کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، وزیراعظم

پاکستان ہمیشہ امن کا پارٹنر بنے گا، امن کے فروغ کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، وزیراعظم
January 8, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان ہمیشہ امن کا پارٹنر بنے گا ۔ امن کے فروغ کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے عمان کے وزیر مذہبی امور شیخ عبداللہ بن محمد بن عبداللہ السالمی سے ملاقات کے دوران کہا جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔ خطے میں تنازعہ سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا ہے۔ پاکستان خطے میں مزید کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔ وزیر اعظم نے کہا پاکستان نے ایران امریکا کشیدگی کم کرانے کی کوششیں کیں۔ پاکستان خطے میں امن اور تنازعات کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزیراعظم عمران خان اور عمانی وزیر مذہبی امور کی ملاقات کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے عمانی سلطان قبوس بن سید کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا پاکستان اور عمان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔ عمان کے وزیر اوقاف و مذہبی امور شیخ عبداللہ بن محمد السالمی نے کہا پاکستان کے تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانا اوّلین ترجیح ہے۔ معزز مہمان دورہ مکمل کرنے بعد اپنے وطن لوٹ گئے ۔