Saturday, May 11, 2024

پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن کے لیے کوشاں رہا ، فرخ حبیب

پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن کے لیے کوشاں رہا ، فرخ حبیب
August 22, 2021 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن کے لیے کوشاں رہا۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب نے کہا بھارت افغانستان میں دہشت گردی کے بیچ بونے گیا اور آج بوریاں بستر اٹھا کر بھاگنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کیساتھ ہے۔ اج بھی چاہتے ہیں افغانستان میں خون نہ بہے۔ وہاں سے لوگوں کو ہجرت نہ کرنی پڑے۔ پاکستان نے تیس لاکھ افغان مہاجرین کو آج بھی سنبھالا ہوا ہے۔

فرخ حبیب بولے پی ڈی ایم والوں کے استعفے ، لانگ مارچ اور حکومت کے خلاف عدم اعتماد ناکام ہو چکا ہے۔ ہم نے ن لیگیوں سے نہیں کہا تھا جعلی اکاؤنٹ بنائیں اور ٹی ٹی لگائیں۔ ن لیگ والے چاہتے ہیں انہیں جسٹس ریٹائرڈ قیوم جیسے منصفین مل جائیں۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کاوشوں کی بدولت شجرکاری ایک تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ پاکستان کا شمار گلوبل وارمنگ کم کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔ درخت لگانے سے نہ صرف ائندہ نسلوں کی بہتری کا سوچ رہے ہیں بلکہ زمین کو رہنے کے قابل بھی بنا رہے ہیں۔