Saturday, April 20, 2024

پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا !!! نریندر مودی سے کشمیر سمیت تمام امور پر گفتگو ہوئی: سرتاج عزیز

پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا !!! نریندر مودی سے کشمیر سمیت تمام امور پر گفتگو ہوئی: سرتاج عزیز
July 13, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، نوازشریف، مودی ملاقات میں کشمیر اور تجارت سمیت تمام امور پر گفتگو کی گئی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی نیوز کانفرنس۔ تفصیلات کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کشمیر سمیت دیگر تصفیہ طلب مسائل پر پاکستان کا موقف واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس میں وزیراعظم مودی سے کشمیر سمیت تمام امور پر گفتگو ہوئی، کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی مدد سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، پاکستان بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کےلئے کوشاں ہے۔ وزیراعظم نواز شریف اور نریندر مودی کے درمیان ملاقات پر پریس بریفنگ میں سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم سے کشمیر کے ایشو پر بھی بات ہوئی تھی، پاکستان کا موقف واضح ہے، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات تعلقات معمول پر لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ ممبئی حملہ کیس پر بھارت سے شواہد مانگے ہیں، پاکستان نے بھارتی وزراءکے بیانات پر تشویش کا اظہارکیا۔ مشیر خارجہ نے واضح کیا کہ کشمیر سمیت دیگر تصفیہ طلب مسائل پر پاکستان کا موقف دوٹوک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتاہے، پاک بھارت اعلیٰ سطح کے روابط سے دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر آسکتے ہیں۔