Friday, May 17, 2024

پاکستان ہاکی کی ریواولمپکس میں شرکت ایک خواب بن گئی

پاکستان ہاکی کی ریواولمپکس میں شرکت ایک خواب بن گئی
July 2, 2015
لاہور(92نیوز)کوارٹر فائنل میں برطانیہ سے شکست کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کا ریو اولمپکس دوہزار سولہ میں انٹری کا خواب  بکھرتا نظر آرہا ہے،براہ راست انٹری کے تمام دروازے بند ہونے کے بعد معاملہ اگر مگر کے چکر میں پڑ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماضی میں ورلڈ چیمپئن کہلوانے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے بدترین دن آگئے ورلڈ لیگ کے کوارٹر فائنل میں برطانیہ سے ہارنے کے بعد پاکستان نے خود پر اولمپک دوہزار سولہ کے لئے کوالیفائی کرنے کے تمام براہ راست راستے بند کر لئے ہیں۔ اب اگر موجودہ ٹورنامنٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کر لے  تب  ہی ریو اولمپک تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ایونٹ میں کل دو میچ کھیلے جائیں گے پاکستان کا مقابلہ آئر لینڈ جبکہ ملائیشیا کا میچ فرانس سے ہوگا دونوں میچوں کی فاتح ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف پانچویں پوزیشن کے مقابلے کے لئے  پنجہ آزمائی کریں گی۔ یہ فیصلہ کن میچ جیت کر ہی کوئی  ایک ٹیم میگا  ایونٹ اولمپکس کے لئے کوالیفائی کر سکتی ہے۔ ہاکی ورلڈ لیگ کی سیمی فائنلسٹ ٹیمیں  آسٹریلیا برطانیہ بھارت اور بیلیجم پہلے ہی اولمپکس کے لئے کوالیفائی کر چکی ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ ایونٹ میں پانچویں پوزیشن لے کر کون سی ٹیم اولمپکس کی راہ ہموار کرے گی۔