Saturday, April 20, 2024

اولمپکس کوالیفائنگ کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا کیمپ چار جون کو لگایا جائےگا، پی ایچ ایف نے 30کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا

اولمپکس کوالیفائنگ کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا کیمپ چار جون کو لگایا جائےگا، پی ایچ ایف نے 30کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا
June 3, 2015
لاہور (92نیوز) اولمپکس کوالیفائنگ کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا کیمپ چار جون سے شروع ہو گا جس میں تیس کھلاڑی شریک ہونگے۔ ہیڈ کوچ شہناز شیخ کے ساتھ دانش کلیم کو بھی کوچنگ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جو کھلاڑیوں میں نظم و ضبط قائم کرنے کیلئے ہیڈ کوچ کی مدد کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کو اولمپکس کوالیفائنگ کےلئے بڑے چیلنج سے گزرنا ہے۔ لاہور میں چار جون سے شروع ہونیوالے کیمپ میں چار گول کیپر عمران بٹ ، امجد علی ، مظہر عباس اور علی حیدر کو طلب کیا گیا ہے جبکہ فل بیکس کے طور پر کپتان محمد عمران کے علاوہ محمد عرفان ، کاشف شاہ کاشف علی کو بلا یا گیا ہے۔ تصور عباس، فرید احمد، رضوان جونیئر، توثیق ارشد، ذوہیب اشرف، عامر شکیل بٹ اور راشد محمو د بطور سنٹر ہالف طلب کئے گئے ہیں۔ فارورڈز میں وقاص شریف، شفقت رسول، عمر بھٹہ، کاشف علی، محمد دلبر، رضوان سینئر، علی شان، اظفر یعقوب ، بلا ل قادر ، ارسلان قادر ،فیصل قادر ،نواز اشفاق ، اعجاز احمد اور عاطف مشتاق شامل ہیں۔ ہیڈ کوچ شہناز شیخ کے دو رمیں ٹیم میں نظم و ضبط کے حوالے سے کئی ایشوز سامنے آئے ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق شہناز شیخ کیخلاف شکایات تھیں کہ وہ کھلاڑیوں میں ڈسپلن قائم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان شکایات کے تدارک کےلئے پی ایچ ایف نے شہناز شیخ کے ساتھ دانش کلیم کو بطورکوچ منسلک کر دیا ہے۔