Sunday, May 19, 2024

پاکستان کے پہلے پاپ اسٹار احمد رشدی کا آج بیاسی واں یوم پیدائش

پاکستان کے پہلے پاپ اسٹار احمد رشدی کا آج بیاسی واں یوم پیدائش
April 24, 2016

لاہور (92نیوز) پاکستان کے پہلے پاپ اسٹار احمد رشدی کے مداح آج ان کابیاسی واں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ یہ ادا یہ ناز ....یہ انداز آپ کا گول گپے والا آیا دل کو جلانا ہم نے چھوڑ دیا یہ گونج دار آواز ہے پاکستان کے پہلے پاپ اسٹار احمد رشدی کی۔ 24 اپریل 1934ءکو حیدرآباد دکن میں آنکھ کھولنے والے احمد رشدی نے 1951ءمیں فلم ”عبرت“ میں گیت گا کر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ 1953ءمیں پاکستان آئے اور ریڈیو پاکستان کو بندر روڈ سے کیماڑی جیسا ملاوٹ سے پاک گیت دیا۔ فلموں کا رخ کیا تو اپنے پہلے ہی گیت ’چاند سا مکھڑا گورا بدن‘ سے لوگوں کے دلوں میں گھر کرلیا۔ سر بکھرتے رہے اور احمد رشدی گاتے رہے۔ 1960ءاور 1970ءکی دہائیوں کو احمد رشدی کی دہائیاں کہنا غلط نہیں ہوگا۔ اے ابر کرم آج اتنا برس کچھ لوگ روٹھ کر بھی لگتے ہیں کتنے پیارے گوری کے سر پہ سج کے شوخ اور طربیہ گیت گانے والے احمد رشدی نے المیہ گیت بھی کمال مہارت سے گائے پانچ سو تراسی فلموں میں 5 ہزار سے زائد گیت فلمی صنعت کی جھولی میں ڈالنے والی یہ سنہری آواز گیارہ اپریل 1983ءکو ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ستارہ امتیازسے نوازا گیا۔ ان کی آواز کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔