Thursday, April 25, 2024

پاکستان کے مختلف شہر فضائی آلودگی کے زیراثر، لاہور 396 ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ آلودہ ترین قرار

پاکستان کے مختلف شہر فضائی آلودگی کے زیراثر، لاہور 396 ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ آلودہ ترین قرار
December 2, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پاکستان کے مختلف شہر آج بھی فضائی آلودگی کے زیراثر ہیں۔ لاہور 396 ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا۔

صوبے کے مختلف شہروں میں ڈینگی کا زہر تو پھیل ہی رہا ہے۔ فضائی آلودگی نے بھی سانس لینا مشکل بنا دیا۔ آنکھیں چندھیا دیں۔ فضائی آلودگی ماپنے کے عالمی ادارے کے مطابق لاہور 396 اے کیو آئی کے ساتھ ملک کا آلودہ ترین شہر ہے۔ فیصل آباد میں فضائی آلودگی کی شرح 379 جبکہ بہاولپور میں 376 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 333ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں بذریعہ موبائل وین ایئرکوالٹی انڈیکس 348 رہا۔ راولپنڈی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 225، رحیم یار خان میں 147 ریکارڈ کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں ایئرکوالٹی انڈیکس کی سطح 248 تک جا پہنچی ہے۔ دھواں چھوڑنے والی اور کیمیکل فیکٹریاں اسموگ کا باعث بن رہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات وقت کی ضرورت ہے۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ فضائی آلودگی بیماریوں کا باعث بن رہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ لاہور نے اسموگ اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والے چار پلانٹس کو منہدم کر دیا۔