Thursday, April 18, 2024

پاکستان کے شاہینوں نے مؤثر کارروائی کی ، 1965کی یاد تازہ کر دی، شہباز شریف

پاکستان کے شاہینوں نے مؤثر کارروائی کی ، 1965کی یاد تازہ کر دی، شہباز شریف
February 28, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا پاکستان کے شاہینوں نے بھارتی جنگی طیارے مار گرا کر مؤثر کارروائی کی ، 1965کی یاد تازہ کر دی۔ سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان  کر دیا۔ وزیر اعظم نے ایک مرتبہ پھر بھارت کو امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت امن کیلئے ایک قدم بڑھائے ، ہم دو بڑھائیں گے ۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہم نے 3 جنگیں لڑیں، جس میں وسائل جھونکے گئے۔ جنگیں کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتیں۔ انہوں نے کہا بھارت کو بالآخر کشمیریوں کو ان کا حق دینا پڑے گا، پاکستان کو کشمیریوں کی سفارتی مدد جاری رکھنی چاہیے۔ شہبازشریف نے مزید کہا پاکستان کے شاہینوں نے فوری مؤثر کارروائی کی، پاکستانی پائلٹوں نے 1965 کی یاد تازہ کر دی۔ اے وطن کے سجیلے جوانوں میرے نغمے تمہارے لیے ہیں۔ پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو چکا ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا افواج پاکستان دھرتی کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے، کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہمارے جوان پوری قوم کی آنکھوں کے تارے بن چکے ہیں۔ ہم نے پلوامہ حملے کی بھی مذمت کی۔ شہبازشریف نے کہا دنیا جاتی ہے مودی دہشت گرد ہے ، مودی نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو شہید کرایا، دنیا کے کئی ممالک نے مودی کے داخلے پر پابندی لگائی۔ اجلاس میں علی محمد خان نے ایوان میں بھارتی جارحیت کےخلاف قرارداد پیش کی۔