Thursday, April 25, 2024

پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر ایک بار پھر این آر او کی باز گشت سنائی دینے لگی

پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر ایک بار پھر این آر او کی باز گشت سنائی دینے لگی
October 25, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر ایک بار پھر این آر او کی باز گشت سنائی دینے لگی ۔ حکومت کے دعوے ہیں کہ اپوزیشن  این آر او کے لئے دباؤ بڑھا رہی ہے جب کہ دوسری جانب اپوزیشن ایسے تمام دعوؤں کو مسترد کر رہے ہیں ۔ گزشتہ روز قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے این آر او مانگے جانے کا تذکرہ  کرتے ہوئے کہا کہ کان کھول کر سن لو کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔ وزیراعظم کے این آر او کے  بیان پرردعمل  دیتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ کون این آر او مانگ رہا ہے ؟۔ سوال اٹھایا گیا تو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری سامنے آئے اور کہا کہ یہ پوچھیں کون کون این آر او نہیں مانگ رہا  ،  پھر صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب  سامنے آئے  ۔ فیاض الحسن چوہان  نے واضح کہا کہ اپوزیشن والےکے ٹو پہاڑ پر بھی چڑھ جائیں این آر او نہیں ملے گا ۔ دوسری طرف فواد چودھری نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنانے میں مزید دو قدم آگے بڑھ گئے اور کہا کہ اے پی سی کے لئے بریانی اور احتجاج کے کنٹینر فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ پی ٹی آئی   حکومت اور اپوزیشن کے درمیان این آر او کے حوالے سے سیاسی منظر نامہ خاصہ گرم ہے ، تاہم کون این آر او مانگ رہا ہے اور کون دینے کے لئے تیار نہیں اس کا فیصلہ تو آنے والا وقت ہی کرے گا۔