Friday, April 26, 2024

پاکستان کے ساتھ کشیدگی میں کمی بھارت کی شکست ہے ، سابق بھارتی جنرل

پاکستان کے ساتھ کشیدگی میں کمی بھارت کی شکست ہے ، سابق بھارتی جنرل
March 7, 2019
 نیو دہلی (92 نیوز) سابق بھارتی جرنیل ایچ  ایس پناگ نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں تعطل کو بھارت کی شکست قرار دے دیا۔ 26فروری جب بھارتی فضائیہ نے دراندازی کرتے ہوئے پاکستان  میں بم  برسائے ، اگلے ہی روز  پاک فضائیہ کے شیر دل جوانوں نے دشمن کے دانت کھٹے کرتے ہوئے دو طیارے مار گرائے اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار  کیا۔ اس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے  امن کی خاطر  پائلٹ کو رہا کرکے  سب کے دل جیت لیے۔ بھارت کی  پاکستان پر  اپنا دبدبہ قائم کرنے کی مذموم کوشش بری طرح ناکام ہوئی جس کا اعتراف سابق بھارتی جرنیل ایچ ایس پناگ بھی کررہے ہیں ۔ ایک آرٹیکل میں انہوں نے  کشیدگی میں تعطل کو  بھارت کی شکست سے تشبیہ دی ہے۔ ایچ  ایس پناگ کا کہنا تھا کہ پلوامہ  حملے  کے بعد بھارت کا  مقصد جب  چاہے پاکستان میں کارروائی اور اپنی عسکری قوت کا مظاہرہ کرنا تھا۔ اس کے برعکس پاکستان نے  اپنی خودمختاری اور بھارتی دراندازی روکنے کی پالیسی اپنائی۔ انہوں نے کہا کہ کشیدگی سے بھارت کی قومی سلامتی اور عسکری حکمت عملی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ گزشتہ بیس سالوں سے عسکری اداروں میں اصلاحات نہیں کی گئیں۔ بھارت کے پاس نہ تو پاکستان سے متعلق طویل المدتی  حکمت عملی ہے اور نہ ہی جدید فوجی ٹیکنالوجی جس کا اعتراف وزیر اعظم نریندر مودی بھی  کرچکے ہیں۔ ایچ ایس پناگ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت بین الاقوامی سطح پر خیالات کی جنگ جیت چکا ہے جبکہ بی جے پی حکومت نے صرف سیاست چمکائی۔ ایچ ایس پناگ  نے بھارتی حکومت کو مشورہ دیا کہ کشمیر میں جارحانہ پالیسی اپنانے کی بجائے عوام کے دل جیتنے کی ضرورت ہے۔