Sunday, May 19, 2024

پاکستان کے ساتھ میچ کو صرف میچ کے طور پر لیں گے ، ویرات کوہلی

پاکستان کے ساتھ میچ کو صرف میچ کے طور پر لیں گے ، ویرات کوہلی
May 24, 2019
 لندن (92 نیوز) بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا پاکستان کے ساتھ میچ کو صرف میچ کے طور پر لیں گے۔ ورلڈکپ 2019 میں شامل تمام ٹیموں کے کپتانوں کے حوصلے بلند ہیں اور بھرپور تیاری، محنت  اور مہارت کا استعمال کرکے  ورلڈ کپ جیتنے کیلئے بے تاب ہیں۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تمام کپتانوں کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کیلئے انکی ٹیموں نے بھرپور تیاری کررکھی ہے اور شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کی تیاری بھرپور ہے ، انگلینڈ کیخلاف سیریز سے سیکھنے کو بہت کچھ ملا، ورلڈ کپ جیتنے کیلئے پر عزم ہیں۔ سرفراز نے کہا ہم 1992 کے ورلڈ کپ کے فاتح ہیں ، ہماری ٹیم ہمیشہ ورلڈ کپ میں اچھا کھیلی۔ انڈین ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ پاکستان کیساتھ کھیلنا چاہتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا میری خواہش سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، پاکستان کیساتھ کرکٹ سیریز کھیلنا یا نہ کھیلنا بھارتی اتھارٹیز کا فیصلہ ہے۔ پریس کانفرنس میں شریک افغان کپتان گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ کرکٹ افغانستان میں امن لائے گی، افغانوں کے لیے کرکٹ کھیل سے بڑھ کر ہے۔ پریس کانفرنس میں سری لنکن کپتان کونارتنے، کیوی کپتان کین ولیم سن ، جنوبی افریقی کپتان فاف ڈپلیسی ،بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ ، ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر، آسٹریلوی کپتان آرون فنچ، انگلش کپتان این مورگن  نے بھی سوالوں کے جوابات دئیے۔