Thursday, May 9, 2024

پاکستان کے ساتھ انتہائی برادرانہ اور قریبی تعلقات ہیں ، محمد کریم خلیلی

پاکستان کے ساتھ انتہائی برادرانہ اور قریبی تعلقات ہیں ، محمد کریم خلیلی
January 13, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) حزب وحدت اسلامی افغانستان کے سربراہ محمد کریم خلیلی نے کہا پاکستان کے ساتھ انتہائی برادرانہ اور قریبی تعلقات ہیں۔

ادارہ تذویراتی مطالعہ اسلام آباد کے زیر اہتمام مذاکرہ ہوا۔ حزب وحدت اسلامی افغانستان کے سربراہ محمد کریم خلیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا امن ایک کثیر الجہتی عمل ہے ، یہ صرف عالمی سیاست میں موضوع بحث نہیں ہے۔ دنیا کے ایک حصہ میں رونما واقعہ کا دیگر حصوں سے تعلق ہوتا ہے جیسے کورونا وباء کا دنیا کے کسی ایک حصہ میں جنگ و جدل، دیگر خطوں کو بھی متاثر کرتا ہے۔ چاہتا ہوں افغان امن عمل خواتین، بچوں کے حقوق کیساتھ، امتیازی سلوک سے پاک اور سب کے لیے خوشحالی کا باعث ہو۔

 انہوں نے کہا افغانستان میں قیام امن ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ ایسا افغان امن جو کسی کے لیے پریشانی کا باعث نہ ہو بلکہ سب کے لیے قابل قبول ہو دنیا کے اس حصے میں امن کثیر الجہتی، کثیر السمت ہونا چاہیے۔ ایسا امن چاہتے ہیں جو کہ علاقائی اور عالمی ضروریات کے مطابق ہو۔ ایسا امن جو کسی ہمسائے کے لیے پریشانی کا باعث نہ ہو۔

حزب وحدت اسلامی افغانستان کے سربراہ محمد کریم خلیلی بولے ہمارے پاکستان کے ساتھ انتہائی برادرانہ اور قریبی تعلقات ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارت کے حوالے سے بہت پر امید ہوں۔ دونوں ممالک کی باہمی تجارتی روابط میں بہتری آئی ہے۔ پاکستان، وسط ایشیاء کاسا ہزار، گیس پائپ لائن منصوبے افغان دیرپا قیام امن کے بعد فعال ہو جائیں گے۔ افغان امن عمل میں دونوں مذاکراتی فریق اختیارات کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ دونوں مذاکراتی فریقین کو فیصلے کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ ابھی مذاکرات کے نتائج کے حوالے سے بات کرنا قبل از وقت ہو گا۔