Wednesday, April 24, 2024

پاکستان کے دورے پر آئے افغان صدر کی لاہور آمد، عثمان بزدار نے معزز مہمان کا استقبال کیا

پاکستان کے دورے پر آئے افغان صدر کی لاہور آمد، عثمان بزدار نے معزز مہمان کا استقبال کیا
June 28, 2019

 لاہور (92 نیوز) پاکستان کے دورے پر آئے افغان صدر اشرف غنی کی لاہور آمد ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ بچوں نے افغان صدر کو گلدستے پیش کیے۔

عثمان بزدار نے کہا افغانستان کے صدر اشرف غنی کو لاہور آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ افغانستان کی صدر کی آمد پاک افغان تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہے۔ آپ کی آمد اہل پنجاب کیلئے اعزاز ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا آپ کے دورے سے پاک افغان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ دونوں ممالک کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔ پائیدار ترقی اور استحکام کیلئے امن ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا پاک افغان تعلقات مضبوط ہونے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ امن کے سفر کیلئے ہمیں مل کر قدم بہ قدم چلنا ہے۔

افغان صدر اشرف غنی بولے پاکستان کے دل لاہور آکردلی خوشی ہوئی ہے۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اشرف غنی کی گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور امن کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

افغان صدر نے گورنر ہاؤس مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ اشرف غنی مزار اقبال پر حاضری اور شاہی قلعہ کا دورہ بھی کریں گے۔