Wednesday, May 1, 2024

پاکستان کے خلاف کہے ایک ایک لفظ کا حساب لیں گے : وزیراعظم

پاکستان کے خلاف کہے ایک ایک لفظ کا حساب لیں گے : وزیراعظم
August 23, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سیاسی و عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان مخالف عناصرکے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔ ایم کیو ایم کےخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ۔ نیشنل ایکشن پلان کے 20نکات پر مکمل عملدرآمد کےلئے وفاق اور صوبوں میں رابطے تیز کرنے پربھی اتفاق کر لیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں پاکستان کے خلاف کہے ایک ایک لفظ کا حساب ضرور لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے قومی سلامتی سے متعلق اجلاس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں بدامنی پھیلانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔ ایم کیو ایم کی بیرونی فنڈنگ روکنے کےلئے اقدامات کئے جائینگے۔ ایم کیو ایم کےخلاف قانونی کارروائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے شرکاءکو کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ برطانوی حکام کے ساتھ ہونے والے رابطوں کی تفصیلات بھی آگاہ کیا۔ قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد سے متعلق کل ہونےوالے کمیٹی کے اجلاس کی سفارشات پربریفنگ دی۔ شرکاءنے نیشنل ایکشن پلان کے 20نکات پر مکمل عملدرآمد کےلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطے تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ قومی سلامتی کے مشیر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کےلئے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرینگے۔ سول اور ملٹری انٹیلی جنس اداروں کے درمیان بھی معلومات کے بہتر تبادلے کےلئے حکمت عملی طے کی گئی۔ سندھ میں رینجرز اور پولیس کی ملک دشمن عناصر کےخلاف کارروائیوں کو سراہا گیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک دشمنوں کےخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ پاکستان مخالف تقریر کرنے والوں سے حساب ضرور لیں گے۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ ڈی جی آئی ایس آئی ایس‘ وزیرخزانہ اسحاق ڈار‘ وزیراطلاعات پرویزرشید سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔