Thursday, April 25, 2024

پاکستان کے 20 شہر کورونا پھیلاؤ کے حوالے سے خطرناک ترین قرار

پاکستان کے 20 شہر کورونا پھیلاؤ کے حوالے سے خطرناک ترین قرار
June 15, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کے 20 شہر کورونا پھیلاؤ کے حوالے سے خطرناک ترین قرار دیئے گئے۔ 20 شہروں میں انفیکشن کی رفتار میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق صوبوں کے ساتھ 20 شہروں سے متعلق امور کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں سیکٹرز جی نائن ٹو، تھری میں 300 سے زیادہ کورونا کیسز سامنے آئے۔ سیکٹر جی نائن ٹو، تھری اور کراچی کمپنی کو سیل کر دیا گیا تھا۔ اسلام آباد میں نئے ہاٹ سپاٹس میں جی سکس، جی سیون، غوری ٹاؤن، بہارہ کہو، آئی ایٹ، آئی ٹین شامل ہیں ۔ سینٹر کے مطابق کورونا انفیکشن 20 شہروں میں بڑھا، پابندیوں کے اطلاق کی سفارش کی گئی۔ کورونا وبا کا پھیلاؤ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان میں تیز ہو چکا ہے۔ گوجرانوالہ، سوات، حیدر آباد، سکھر، سیالکوٹ، گجرات، گھوٹکی میں بھی انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ لاڑکانہ، خیرپور، ڈی جی خان، مالاکنڈ، مردان پر بھی دباؤ بڑھنے لگا ہے۔ کمانڈ سینٹر کے مطابق ٹریس، ٹیسٹ ،قرنطینہ کا مقصد بیماری کا پھیلاؤ روکنا، کلسٹرز، ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرنا ہے۔ حکمت عملی سے تیر بہ ہدف لاک ڈاؤنز اور وسائل متحرک کیے جا سکتے ہیں۔اس  حکمت عملی کا مقصد مختلف شعبے کھلے رکھ کر ہر ممکن انداز سے بیماری کا پھیلاؤ روکنا ہے۔ این ڈی ایم اے کی کمانڈ سینٹر کو آکسیجن بستروں کو آپریشنل کرنے، بستروں، وینٹی لیٹرز کی خریداری پر بریفنگ دی گئی ۔ بتایا  گیا کہ  اضافی ضروریات کیلئے جون اور جولائی کے آخر تک 2150 اضافی آکسیجن بستر موجود ہوں گے۔ ایک ہزار آکسیجن بستر جون کے آخر، 1150 آکسیجن بستر جولائی کے آخر تک آپریشنل ہوں گے۔